’انتخابات پارٹی آئین کے مطابق کیوں نہیں کروائے؟ ، تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا گیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے جس کے بعد پی ٹی آئی بلے کے نشان کی اہل نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد بیرسٹر گوہرعلی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نہیں رہے۔
انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین منتخب ہونے والے بیرسٹر گوہر علی خان نے بلے کا نشان نہ ملنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر بلے کا نشان نہ ملا تو تحریک انصاف کے امیدوار آزاد تصور ہوں گے اور یوں ہارس ٹریڈنگ کا راستہ کھلے گا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ وہ اپنے انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرائے۔تاہم پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی کہ پی ٹی آئی کے الیکشن اس کے آئین کے مطابق نہیں ہوئے۔
یہ کیس الیکشن کمیشن میں چلا اور پھر پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فیصلے سے روکا لیکن پھر آج یعنی جمعے کے دن فیصلے کی ہدایت کی تھی۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ سنایا جس میں پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان چھین لیا گیا۔