سینئر صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد(اردو انٹرنیشنل) سکھر پریس کلب و سکھر یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر سینئر صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(پی ایف یو جے) کی کال پر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس(آر آئی یو جے ) کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نیشنل پریس کلب پر سیاہ پرچم لہرایا گیا.
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ چار ماہ گزر چکے ہیں لیکن ابھی جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا.انہوں نے مطالبہ کیا کہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ ان کے اہل خانہ کو انصاف مل سکے.
مقررین نے کہا کہ اگر قاتلوں کو گرفتار نہ گیا تو ملک بھر کے صحافی پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے اس لیے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور قاتلوں کو فوری گرفتار کرے.
اس موقع پر پی ایف جے کے سابق سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا کہ آج تک پاکستان میں قتل ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کو سزا نہیں مل سکی جو کہ شرم ناک عمل ہے.انہوں نے کہا کہ حکومت جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرے اور قاتلوں کی گرفتاری تک ہماری جد و جہد جاری رہے گی.
آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی نے کہا کہ پاکستان صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے عالمی درجہِ بندی میں خطرناک ممالک میں شامل ہو چکا ہے جو کہ تشویشناک بات ہے حکومت کسی بھی صحافی کے قتل کے بعد سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتی جس کی وجہ سے آئے روز صحافی قتل ہو رہے ہیں.
آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری طارق علی ورک نے کہا کہ چار ماہ گزرنے کے باوجود بھی جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومت کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اگر قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو ملک بھر کے صحافی پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا رخ بھی کر سکتے.
نیشنل پریس کلب کی فنانس سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ اس پریس کلب کے باہر کھڑے ہو کر اپنے کسی ساتھی صحافی کے لئے اواز اٹھانا نئی بات نہیں ہے مظاہروں کے بعد بھی حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہے صحافیوں کو کیوں انصاف نہیں دیا جاتا،، کیوں صحافیوں کی باری میں سی سی ٹی کیمرے خراب ہو جاتے ہیں۔