استحکام پاکستان پارٹی کا حکومت میں آنے کے بعد عوام کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان
اردوانٹرنیشنل (مانیٹرنگڈیسک)استحکام پاکستان پارٹی نے آج کامونکی میں سیاسی قوت کا مظاہر ہ کیا .استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا.ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ایک سیاسی خاندان سے وابستہ نہیں، میرا کوئی رشتے دار سیاست میں نہیں تھا، ہم غیر سیاسی لوگ تھے، ہمیں ایسا آدمی ملا جو روایتی سیاستدان نہیں تھا، سب نے مل کر ایک شخص کو سپورٹ دی کہ واقعی نیا پاکستان بنائیں گے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہماری پارٹی نے تمام سکول ایسے بنا دینے ہیں جیسے انگریزی سکول ہوتے ہیں، ہم ہسپتالوں کو ایسا بنائیں گے کہ لوگ باہر سے آئیں گے، معیشت ملک کی جان ہوتی ہے، معیشت کو چمکانے کیلئے یہاں انڈسٹری لگنی ضروری ہے۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ سب سے اہم چیز ہے روزگار ملنا چاہئے، ہم نے اپنے منشور میں ایک ایک چیز شامل کی ہوئی ہے، یہ ملک بڑی مشکل سے بنا تھا، ہندوستان کے اندر سے قائداعظم نے اس خطے کو نکالا، یہ ملک اسلام کے نام پر بنا تھا، جب تک غربت نہیں مٹائی جائے گی ملک آگے نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کوزرعی ملک بنائیں گے،دنیا آکردیکھے گی،سیاسی جماعتیں صرف وعدے کرتی ہیں،پورے نہیں کر تیں، ہم سوچ سمجھ کر وعدے کر رہے ہیں،اندھے وعدےنہیں کریں گے،اندھے وعدے کرنےکی عادت نہیں،نہ ساری زندگی ایسا کیا ہے، ہرگھرمیں معیاری تعلیم ہونی چاہیے،غریب کابچہ قابل ہے تو اسےڈاکٹر،انجینئر بننا چاہیے،جہم لگے رہیں گے،ہم نے نیا پاکستان بنانےکی کوشش کی تھی،اب ہم ایک بہترین پاکستان بنائیں گے۔
اس سے قبل صدر استحکام پاکستان پارٹی نے حکومت میں آنے کے بعد عوام کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کردیا۔ عبدالعلیم خان کہتے ہیں کہ باریاں لینے والوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے، اس ملک میں اتنے وسائل ہیں جو آنیوالی نسلوں کو بھی روزگار دیں گے، امیر کی بجلی مہنگی اور غریب کی سستی کریں گے، کسانوں کے ٹیوب ویل کی بجلی مفت کریں گے، موٹر سائیکل والوں کیلئے پیٹرول کی قیمت آدھی ہوگی، مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 50 ہزار روپے ہوگی، نوجوانوں کو بلاسود قرضے ملیں گے، روزگار کیلئے نئی انڈسٹریاں لگانا اور برآمدات بڑھانا پڑیں گی
عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ یہاں لوگ آکر بڑے بڑے وعدے کرکے گئے، سات بار یہاں باریاں کی گئیں، 18 مہینے کی حکومت نے جو کارنامے کئے وہ سب کو یاد ہیں، بجلی کا بل آتا ہے تو 18 ماہ کی حکومت سب کو یاد آتی ہوگی، باریاں لینے والوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے، ایک پارٹی آئی جس نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، جب تبدیلی کا نعرہ لگانے والا برسر اقتدار آیا تو انہوں نے ایک طرف بزدار لگا دیا، پنجاب میں کرپشن کا بازار گرم ہوگیا، کوئی ڈی سی، ایس پی کرپشن کے بغیر نہیں لگایا گیا، یہاں کرپشن کا جمعہ بازار لگایا گیا، عوام کی امید کو توڑا گیا، عوام کا اعتماد سسٹم سے اٹھایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، اگر اس ملک میں کمی ہے تو وہ صرف دیانتدار لیڈر شپ کی کمی ہے، اسپتالوں میں بری حالت ہے، ایک ایک بیڈ پر 4 چار مریض بچے پڑے ہیں، لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے اداروں کے باہر خوار ہورہے ہیں، پاکستان کے برے حالات کے ذمہ دار وہ لیٹرے حکمران ہیں جو ملک کو لوٹ کر کھا گئے، ریاست مدینہ کا نام لیکر عوام کو بے وقوف بنایا جاتا رہا۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہر یونین کونسل میں ایک ڈسپنسری بنے گی، ڈسپنسری لوگوں کا مفت علاج اور دوائیاں دے گی، مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 50 ہزار روپے ہوگی، نوجوانوں کو بلاسود قرضے ملیں گے، نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے، روزگار پیدا کرنا ہے تو نئی انڈسٹریاں لگانا پڑیں گی، ہمیں اپنی برآمدات بڑھانا پڑیں گی، انڈسٹری نہیں لگے گی تو نوجوانوں کو نوکریاں نہیں ملیں گی۔