ریاستی عہدیداروں کا یہ دعویٰ کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ہونے والےفسادات کی وجہ ایک “قبائلی تنازعہ” ہے، حالیہ واقعات کے پیش نظر اب مشکوک لگتا ہے اور اس پر کئی سوالات اٹھتے ہیں۔
جمعرات کو باغان کے علاقے میں ایک قافلے پر حملے کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد، توقع ہے کہ یہاں جلد ہی ایک انسداد دہشت گردی آپریشن شروع ہوگا ، جس کے لیے ریاست نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی تیار کر لیا ہے۔ اگرچہ کرم میں زمین اور پانی جیسے بنیادی تنازعات نے کشیدگی بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ فرقہ وارانہ گروہوں اور دہشت گرد تنظیموں نے ان تنازعات کا فائدہ اٹھا کر علاقے میں اپنے ٹھکانے بنائے، جبکہ ریاست ان مسائل کے حل میں ناکام رہی ہے۔
جمعرات کو ہونے والے حملے میں کم از کم دو سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے اور یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل ایک حملے میں کرم کے ڈپٹی کمشنر کو نشانہ بنایا گیا تھا، لیکن وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔ حالیہ حملے میں دہشت گردوں نے پاراچنار جانے والے سامان سے لدے ٹرکوں کو لوٹا اور چار ٹرک ڈرائیوروں کو موت کا نشانہ بنایا ۔ جب ان ڈرائیوروں کی لاشیں ملیں تو ان کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور ان کے جسموں پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔
اگر ریاست ، تمام ریاستی ادارے، بشمول مرکز، خیبرپختونخوا حکومت، اور سیکورٹی ادارے گزشتہ سال کرم میں ہونے والی جھڑپوں، جس کے نتیجے میں تقریبا 42 ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں، کے خلاف فوری اقدامات اٹھاتے تو اس خونریزی سے بچا جا سکتا تھا۔ لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا، انتظامیہ نے مسئلے کو نظرانداز کیا اور کرم میں حالات بگڑتے چلے گئے، یہاں تک کہ یہ صورت حال قابو سے باہر ہو گئی۔ اب ہزاروں لوگ بے گھر ہوں گے کیونکہ سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں گی۔ اس کے علاوہ، یہ مسئلہ اس لیے مزید پیچیدہ ہو جائے گا کیونکہ مقامی دہشت گرد، جن میں کالعدم ٹی ٹی پی اور آئی -ایس – کے سے تعلق رکھنے والے جنگجو شامل ہیں، ان کے ہم خیال ساتھی سرحد پارافغانستان میں موجود ہیں۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ ریاست نے زمین اور پانی جیسے بنیادی تنازعات کو حل کرنے میں سستی اور غفلت کا مظاہرہ کیا، جو حالیہ صورت حال کا محرک بنے۔ حکومت نے نومبر میں لوئر کرم میں ہونے والے قافلے پر حملے کے بعد پاراچنار میں کرفیو نافذ کرکے بہت بڑی بےحسی کا مظاہرہ کیا۔ جس کا نتیجہ ایک سنگین انسانی بحران کی صورت میں نکلا، خاص طور پر بچوں اور نوزائیدہ بچوں کو خوراک اور ادوایات کی قلت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریاست نے کرم میں جاری مسئلے کو “قبائلی تنازعہ” سمجھ کر اس کو حل کرنے میں بہت دیر کردی ہے اور حالیہ حملے نے یہ ثابت کردیا کہ یکم جنوری کو ایک جرگے کے ذریعے طے پانے والا امن معاہدہ بھی پر تشدد واقعات کو روکنے میں ناکام رہا اور اب یہاں انسدادِ دہشت گردی آپریشن کو آخری حل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اگر دہشت گردوں اور فرقہ وارانہ گروہوں کے عزائم کو پہلے ہی غیر مؤثر بنا دیا جاتا، تو آج صورتحال اس نہج پر نہ پہنچتی۔
مزید یہ کہ ریاست کو ایک دن کے لیے بھی اس علاقے میں ناکہ بندی برداشت نہیں کرنی چاہیے تھی لیکن آئندہ دنوں میں یہ پتہ چلے گا کہ حکومت اس علاقے میں امن قائم کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتی ہے۔
معصومہ زہرا
ڈان سے ماخوذ