یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری پر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں فرد جرم عائد

0
58

یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری پر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں فرد جرم عائد

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور دیگر پر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں فرد جرم عائد کردی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد، پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور سابق رکن اسمبلی روبینہ جمیل پر کور کمانڈر ہاؤس لاہور کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کا مقدمہ میں فرد جرم عائد کر دی اور پراسیکیوشن کے گواہان کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا، تاہم پی ٹی آئی رہنماؤں نے عدالت کے سامنے صحت جرم سے انکار کردیا

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف 9 مئی کے واقعات پر 280 صفحات پر مشتمل چالان جمع کروایا گیا ہے، چالان میں 45 گواہان کی فہرست بھی شامل ہے، چالان میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، رانا تنویر ،ریاض حسین اور ضیاس خان سمیت چار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کو 24 نومبر کو طلب کر لیا۔

تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ کی سماعت کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ اگر عدالت اجازت دے تو میں کچھ گزارش کرنا چاہتی ہوں کہ ہم نے الیکشن لڑنے ہیں، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر نے بھی الیکشن لڑنا ہے۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ’کیا الیکشن کے لیے جیل سے باہر ہونا لازمی ہے؟‘ اس کے جواب میں پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ’ضروری نہیں لیکن الیکشن کیمپین تو کرنی ہے‘، جج ارشد جاوید نے ریمارکس دیئے کہ ’آپ کے ایک مقدمے کا چالان آ گیا ہے لیکن مجھے نہیں علم کہ آپ پر کتنے مقدمات ہیں، اس کیس کا باقی ملزمان کی حد تک چالان طلب کیا ہے، چالان آ جائے گا تو اس کو کچھ ہفتوں میں نمٹا دیں گے‘۔