بابائے قوم کا یوم پیدائش،قومی رہنماؤں کے پیغامات

0
60

بابائے قوم کا یوم پیدائش،قومی رہنماؤں کے پیغامات

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا ایک سو سینتالیس واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے، آج صبح مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے اس موقع پر قومی رہنماؤں نے قوم کے نام اپنے پیغامات دیئے.

صدرمملکت ڈاکٹر عارف نے بابائے قوم کے 147ویں یوم پیدائش کے موقع پر پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا تصور ایک ایسا پاکستان ہے جو امید، عزم اور انصاف کی کرن کے طور پر کھڑا ہو ، ایک ایسی قوم جو ایک جمہوری، انصاف پسند اور آزاد معاشرے کے وعدے پر قائم ہو۔ آئیے اس دن عہد کریں کہ ہم اسلامی نظریات، اخلاقی اقدار، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ بابائے قوم کے وژن اور ان کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اتحاد اور جمہوری اقدار کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکے.

سابق صدر آصف علی زرداری کابانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی قائد اعظم کے فلسفے کے مطابق ملک کو فلاحی ریاست بنانے پر ثابت قدم ہے۔بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کا قومی ترانہ قائد اعظم کے فلسفے کی عکاسی کرتا ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ قومی ترانے میں طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان انسانی اور مذہبی آزادی کے وکیل تھے، پیپلز پارٹی اظہار رائے، سیاسی اور مذہبی آزادی کا دفاع کرتی رہے گی۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ مخصوص سوچ مذہب کی آڑ لے کر اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بابائے قوم اور مشاہیر پاکستان کو سلام جن کی وجہ سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔شہبازشریف نے لاہور میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 147ویں یوم ولادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک آزاد اور خود مختار پاکستان بابائے قوم کا ہم پر احسان ہے۔ قائد نے بکھرے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کر کے الگ وطن کے قیام کے خواب کی تعبیردی، انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانس تک آزاد پاکستان اور آزاد قوم کے مشن کے لیے کام کیا۔

ن لیگ کے صدر نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم اور مشاہیر پاکستان کو سلام جن کی وجہ سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں، انہوں نے جن اصولوں اور مقاصد کے لیے یہ وطن بنایا تھا انہیں پورا کرنا عوام کا مشن ہونا چاہیے۔