ماسکو ’دہشت گرد حملے‘ میں ہلاکتوں کی تعداد 93 ہوگئی، 11 مشتبہ افراد زیر حراست

0
143
ماسکو دہشت گرد حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 93 ہوگئی 11 مشتبہ افراد زیر حراست

ماسکو ’دہشت گرد حملے‘ میں ہلاکتوں کی تعداد 93 ہوگئی، 11 مشتبہ افراد زیر حراست

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) روس میں کروکس سٹی ہال میں ایک خوفناک حملے میں 93 افراد ہلاک اور 187 زخمی ہوگئے ہیں، روس نے اس حملے میں امریکا کے ملوث ہونے کا اشارہ دیا ہے۔

جمعہ کو روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس ایف ایس بی کے مطابق ماسکو کنسرٹ ہال میں ہونے والے حملے میں 93 افراد ہلاک اور 187 زخمی ہوئے ہیں۔

روس کے صدارتی آفس کریملن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کانسرٹ ہال حملے میں اب تک 11 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ 2 مشتبہ افراد کو یوکرین کی سرحد کے قریب سے حراست میں لیا گیا تاہم روسی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

روسی میڈیا کے مطابق 3 دہشتگردوں نے لوگوں سے بھرے ہوئے کراکس سٹی ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی اور بم پھینکے، دھماکے سے کانسرٹ ہال کی چھت کا ایک حصہ گر گیا اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے، دھماکے سے کنسرٹ ہال کی عمارت میں آگ بھی لگ گئی۔

وائٹ ہاؤس کے مشیر برائے قومی سلامتی جان کربی نے روس میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں یوکرین ملوث نہیں ہے۔