ڈیرہ اسماعیل خان تھانہ چودھوان پر دہشت گردوں کا حملہ, 10 پولیس اہلکار شہید, 6 زخمی

0
49
ڈیرہ اسماعیل خان : تھانہ چودھوان پر دہشت گردوں کا حملہ, 10 پولیس اہلکار شہید, 6 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان : تھانہ چودھوان پر دہشت گردوں کا حملہ, 10 پولیس اہلکار شہید, 6 زخمی

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پیر کے دن ڈیرہ اسماعیل خان میں چودھوان تھانے پر رات کے وقت عسکریت پسندوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دس پولیس اہلکار شہید اور چھ زخمی ہو گئے۔

خیبر پختونخواہ کے صوبائی پولیس کے سربراہ اختر حیات نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ تیس (30) سے زیادہ دہشت گردوں نے تین مختلف سمتوں سے حملہ کیا۔ اور تقریباً ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا.

درابن میں پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملک انیس الحسن کے بیان کے مطابق عسکریت پسندوں نے پہلے سنائپر گولیاں چلائیں اور پھر چودھوان پولیس اسٹیشن میں گھس کر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، انہوں نے متعدد دستی بموں کا بھی استعمال کیا جس سے پولیس کو زیادہ جانی نقصان پہنچا.

یاد رہے کہ یہ حملہ 8 فروری (جمعرات) کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات سےٹھیک تین دن پہلے ہوا ہے۔
اس حملے کے بعد خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات اور بھی بڑھ گئے ہیں کیونکہ دونوں صوبوں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران متعدد حملوں کے واقعات رونما ہوئے.

شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں صوابی کے ایلیٹ پولیس یونٹ کے 6 پولیس اہلکار بھی شامل تھے جنہیں پچھلے سال متعدد حملوں اور انتخابات کے دوران مقامی پولیس کی مدد کے لیے علاقے میں تعینات کیا گیا تھا۔
حملے کے فوراً بعد قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان, ٹانک اور ڈیرہ غازی خان جانے والی سڑکوں کو بھی بند کردیا گیا.
خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔