اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، انڈیکس میں 825 پوائنٹس کا اضافہ

0
53
stock

اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، انڈیکس میں 825 پوائنٹس کا اضافہ

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 825 پوائنٹس اضافے سے 82 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی ہے۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق دوپہر تقریباً 3 بج کر 32 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 825 پوائنٹس یا 1.01 فیصد بڑھ کر 82 ہزار 309 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 81 ہزار 483 پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکا میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سربراہان سے ملاقات کریں گے جبکہ آج ہی آئی ایم ایف بورڈ پاکستان کے قرض پروگرام کو منظور کرنے پر غور کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط تھیں، ہم نے تمام شرائط پوری کر دی ہیں، جن میں سے کچھ کا تعلق چین سے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی کچھ شرائط کا تعلق چین سے تھا، چینی حکومت نے ماضی کی طرح دوبارہ پاکستان کا ہاتھ مضبوط کیا۔