منظور پشتین 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے

0
73

منظور پشتین 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اسلام آباد پولیس کے حوالے

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔تھانہ ترنول میں درج مقدمہ میں پولیس نے منظور پشتین کو اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں پیش کیا۔

پولیس کی جانب سے منظور پشتین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ وکیل صفائی نےکہا کہ جسمانی ریمانڈ نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا حق ہے، بلوچستان میں منظور پشتین کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، انہیں بلوچستان سے اغوا کیا گیا اور 3 دن بعد آج عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے منظور پشتین کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 4 دسمبر کو ڈپٹی کمشنر چمن راجا اطہر عباس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ منظور پشتین کو اُن کی گاڑی سے پولیس پر فائرنگ کیے جانے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔