سائفر ٹرائل پر فوری حکم امتناع کیلئےاسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی استدعا مسترد کردی

0
88

سائفر ٹرائل پر فوری حکم امتناع کیلئےاسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی استدعا مسترد کردی

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف سائفر کیس میں ٹرائل پر فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔

سائفر کیس سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلوں کے خلاف عمران خان کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل عثمان گل روسٹرم پر آگئے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریماکرس دیے کہ یہ معاملہ پہلے ایک درخواست میں بھی سامنے آیا تھا، پراسکیوشن کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد کیس فائل کیا گیا۔

عمران خان کے وکیل عثمان ریاض گل نے کہا کہ اس درخواست میں ہمارا کیس یہ ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ ایک اسپیشل لا ہے، اسپیشل لا ہونے کی وجہ سے اس کے تحت ہونے والی کارروائی کے لیے بھی خصوصی طریقہ اپنایا جائے گا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ قانون میں لفظ شکایت لکھا ہے نہ کہ ایف آئی آر، ہماری درخواست کی سپورٹ میں کافی سارے عدالتی فیصلے بھی موجود ہیں، ایف آئی آر ہمیشہ سکیشن 154 کے تحت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کیس یہ ہے کہ حکومت کی منظوری سے ایک کمپلینٹ مجسٹریٹ کے روبرو درج کی جانی چاہیے تھے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیس میں ایف آئی آر درج کی گئی ، شکایت مجسٹریٹ کو نہیں بھجوائی گئی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے 12 دسمبر کا عدالتی آرڈر پڑھ کر سنایا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیکشن 13 کی سب سیکشن 3 کے تقاضے کے مطابق عدالتی کاروائی نہیں ہو رہی۔

عثمان ریاض گل نے کہا کہ قانون میں لفظ کمپلینٹ کا ذکر کیا گیا ایف آئی آر کا ذکر نہیں، یہ اسپیشل قانون ہے اسی کے تحت عدالتی کاروائی ممکن ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ آپ کا پوائنٹ کیا ہے؟ کون سا تقاضا پورا نہیں کیا گیا؟

عثمان ریاض گل نے کہا کہ گل عدالت سے استدعا ہے کہ ٹرائل کورٹ کو 5، 6 دن بعد کیس کی سماعت کرنے کی ہدایت کی جائے، ٹرائل کورٹ اس دوران ٹرائل مکمل کرسکتی ہے۔

عمران خان کے وکیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے سائفر ٹرائل پر حکم امتناع دینے کی استدعا کی، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر ٹرائل پر حکم امتناع کی فوری استدعا مسترد کر دی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ پہلے نوٹس ہوں گے، ہم پہلے نوٹس جاری کررہے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں دائر درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیے جسے کمرہ عدالت میں موجود ایف آئی اے پراسکیوٹر نے وصول کرلیا، عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر سائفر ٹرائل سے متعلق تمام ضروری دستاویزات جمع کرائی جائیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے فرد جرم سمیت سائفر کیس کی اب تک کی کارروائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جسے 19 دسمبر کو اعتراضات لگا کر سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔