کیا شہباز شریف و دیگراپنی کارکردگی پر الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں؟ بلاول بھٹو

0
80

کیا شہباز شریف و دیگراپنی کارکردگی پر الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں؟ بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی 15 مہینے کی کارکردگی پر انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہوں، کیا شہباز شریف، اسحاق ڈار و دیگر ن لیگ کے وزراء اپنی 15 مہینے کی کارکردگی پر انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہیں؟ یا وہ اپنے منہ چھپا رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی انتھک محنت اور شعبہ صحت میں سرمایہ کاری کی بدولت تھرپارکر میں بچوں کی شرح اموات میں 50 فیصد تک کی کمی آئی ہے.بلاول بھٹو نے کہا کہ تھرپارکر میں این ای ڈی یونیورسٹی کا کیمپس اور قومی ادارہ برائے امراض قلب کا سیٹیلائیٹ سینٹر موجود ہیں مگر آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد تھرپارکر کے تینوں اضلاع میں یونیورسٹی، کالجز اور اسپتالوں کا قیام ہوگا تاکہ عوام کو گھر کی دہلیز پر معیاری و مفت تعلیم اور صحت کی فراہمی مہیا کی جاسکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا جو خواب تھا ہماری کوشش ہے کہ ہم اس خواب کو اس نامکمل مشن کو پورا کریں، پچھلے چند سالوں میں تھر میں ترقیاتی کام کرکے ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وعدے نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کسی بھی انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملا اور اس بار بھی لیول پلیئنگ فیلڈ ہو یا نہ ہو پاکستان پیپلز پارٹی انتخابات جیتے گی۔