امریکی مخالفت کے باوجود صدر آصف زرداری کا ایران کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات پر زور

0
83

امریکی مخالفت کے باوجود صدر آصف زرداری کا ایران کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات پر زور

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ مفاد کے لیے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صدرِ مملکت کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب محض چند روز قبل امریکا نے پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی دوبارہ مخالفت کی اور پابندیوں سے خبردار کیا۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی کافی گنجائش موجود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے 26 مارچ کو ایران کے ساتھ کاروبار کرنے پر پابندیوں کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاک-ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے کی حمایت نہیں کرتا۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق آصف زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

ایرانی سفیر نے تجارتی حجم بڑھانے اور بینکنگ شعبے میں تعاون کے علاوہ فضائی اور تجارتی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا اور یورپ کے ساتھ تجارت کے لیے چابہار-زاہدان ریل روڈ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔