سی ایس ایس سے موت کا سفر ،نوجوان سرکاری افسر نے مبینہ خود کشی کر لی

0
115

سی ایس ایس سے موت کا سفر ،نوجوان سرکاری افسر نے مبینہ خود کشی کر لی

غربت کے باوجود محنت کر کے اعلٰی عہدے تک پہنچنے والے نوجوان سرکاری افسر نے مبینہ خود کشی کر لی، پولیس نے موت کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں کے کینٹ میں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تعینات نوجوان اعلٰی سرکاری افسر نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی اور بلال پاشا نامی سرکاری افسر کی لاش سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دی گئی، جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق نوجوان افسر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خود کشی کی، ان کی مبینہ خودکشی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نوجوان افسر بلال احمد پاشا کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقہ عبدالحکیم سے تھا۔ انہوں نے سی ایس ایس 47ویں کامن گروپ سے کیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ بلال پاشا ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور وہ محنت کر کے اعلٰی سرکاری عہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ پولیس کی جانب سے بلال پاشا کی مبینہ خود کشی کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جبکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بلال پاشا ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے بلال پاشا کی موت کی شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔