چوہدری سرور دوبارہ پی ٹی آئی کی جانب اڑان بھرنے کو تیار

0
56

چوہدری سرور دوبارہ پی ٹی آئی کی جانب اڑان بھرنے کو تیار

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے دوبارہ پی ٹی آئی میں شمولیت کی کوششیں شروع کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق دو قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور ان دنوں اسکاٹ لینڈ میں مقیم ہیں جہاں سے انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطوں میں پارٹی میں واپسی کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ہے، چوہدری سرور کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کرکے دوبارہ شمولیت کی خواہش ظاہر کی تاہم پارٹی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چوہدری سرور کی دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی کوششوں کی وجوہات میں ان کے خاندان کے افراد کی جانب سے فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی خواہش ہے، اس کے علاوہ اسکاٹش لیبر لیڈر اور سابق گورنر پنجاب کے صاحبزادے چوہدری انس سرور کا بھی گلاسگو میں الیکشن ہونے والا ہے اور مقامی حلقے میں پاکستانی ووٹرز کی تعداد کافی زیادہ ہے جن کا جھکاؤ تحریک انصاف کی جانب ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور سے پی ٹی آئی میں دوبارہ شمولیت کی کوششوں کے بارے میں جاننے کے لیے رابطہ کرنے پر انہوں نے اس کی ترید نہیں کی اور کہا کہ اس وقت تمام آپشنز دستیاب ہیں، مختلف سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، جلد ہی حتمی فیصلہ کروں گا۔ ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے تاحال چوہدری سرور کی واپسی کی خواہش میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جب کہ سابق گورنر پنجاب نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے لیے بھی مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا تاہم قائد ن لیگ نواز شریف نے انکار کردیا۔