ایاز صادق 23 ویں اسپیکر قومی اسمبلی منتخب، عہدے کا حلف اٹھالیا

0
78

ایاز صادق 23 ویں اسپیکر قومی اسمبلی منتخب، عہدے کا حلف اٹھالیا

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوار سردار ایاز صادق 23ویں اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں جس کے بعد انہوں نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

سبکدوش ہونے والے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا، سردار ایاز صادق 199 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے ہیں، ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک محمد عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیے۔

ٓآج (یکم مارچ) صبح 10 بجے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے اجلاس راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔

پہلے مرحلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کا عمل شروع ہوا، پولنگ کے بعد ووٹنگ کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد راجا پرویز اشرف نے اسپیکر کے نتائج کا اعلان کیا۔

بعدازں راجہ پرویز اشرف نے ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے 23 ویں اسپیکر کی حیثیت سے حلف لیا۔

اسپیکر منتخب ہونے کے بعد ایاز صادق ملک عامر ڈوگر کی نشست پر گئے اور ان کے ساتھ مصافحہ کیا، ایاز صادق نے حامد رضا اور عمر ایوب خان سے بھی مصافحہ کیا جبکہ یوسف رضا گیلانی نے پرجوش طریقے سے گلے لگاکر ایازصادق کو مبارکباد دی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 291 ووٹ ڈالے گئے جبکہ ایک مسترد ہوا۔

اب وہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے انتخاب کی کارروائی کی نگرانی کریں گے، ڈپٹی اسپیکر کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے سید غلام مصطفیٰ شاہ کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے جنید اکبر کے درمیان ہوگا۔

گزشتہ روز 19 ویں قومی اسمبلی کے پہلے سیشن میں 336 رکنی ایوان کے 302 ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔