کوہستان میں لڑکی کو قتل کرنےکا حکم دینے والے جرگے کے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا

0
54

کوہستان میں لڑکی کو قتل کرنےکا حکم دینے والے جرگے کے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں کولائی پلاس پولیس نے گزشتہ روز نوجوان لڑکی کو قتل کرنے کا فیصلہ جاری کرنے والے جرگے کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی پولیس مسعود خان نے تین مشتبہ افراد کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے دیگر ملزمان جنہوں نے وائرل ویڈیو کے جواب میں لڑکی کے اہل خانہ کو یہ گھناؤنا فعل انجام دینے کا مشورہ دیا تھا کو پکڑنے کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔

ڈی ایس پی نے کہا کہ مقتولہ لڑکی کے دو چچا سمیت گرفتار افراد کو قانونی کارروائی کا سامنا ہے جنہیں جسمانی ریمانڈ کے لیے مقامی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ڈی ایس پی کے مطابق عبدالقیوم اور محمد نصیر کے نام سے شناخت کیے گئے ان ملزمان نے جرگے کے افسوسناک فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈی ایس پی مسعود خان نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس فورس قتل کی منصوبہ بندی کرنے یا جرگے کے فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ ڈالنے والے تمام افراد کو تلاش کرنے اور گرفتار کرنے کے لیے کولائی پلاس (کوہستان) کے پہاڑی علاقے برشریال سمیت دیگر مقامات پر مستعدی سے چھاپے مار رہی ہے۔

مقتولہ کے والد کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا تھا، انہیں کولائی پالاس مجسٹریٹ نے سات روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

ڈی ایس پی مسعود خان نے کہا کہ پولیس نے ویڈیو میں مقتول لڑکی کے ساتھ دیکھے گئے نوجوان کو بھی مقامی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت اس کا بیان ریکارڈ کرایا۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ نوجوان نے دعویٰ کیا کہ اسے اس بات کا کوئی علم نہیں کہ یہ ویڈیو کس نے اور کیوں اپ لوڈ کی۔

ڈی آئی جی ہزارہ سرکل کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ پولیس اس کیس کی مستعدی سے تحقیقات کر رہی ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے پولیس نفری پہاڑی گاؤں شریال میں موجود ہے۔