Possible security flaw in the world's largest crypto exchange Binance, investigation of billions of dollars in transactions begins

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اے پی نیوز کی خبر کے مطابق دنیا کے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینجز میں شامل بائنانس کو ممکنہ سیکیورٹی مسئلے کا سامنا ہے، جس کے باعث تقریباً 6.3 ارب ڈالر مالیت کے اثاثوں اور لین دین کی جانچ کی جارہی ہے۔

 یہ معاملہ حالیہ برسوں میں کرپٹو انڈسٹری کے اہم سیکیورٹی واقعات میں شمار کیا جارہا ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اس میں کتنی رقم متاثر ہوئی یا صارفین کے فنڈز چوری کیے گئے ہیں۔

بائنانس نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے فنڈز محفوظ ہیں۔ کمپنی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سیکیورٹی مسئلے کا ممکنہ تعلق ایک ڈیو آپس انجینئر کے لیپ ٹاپ سے سامنے آیا ہے، جس کے متاثر ہونے کے بعد کسی غیر مجاز شخص کو سروس کنٹینر تک رسائی مل سکتی تھی۔

 اس کے نتیجے میں غیر مجاز رقم نکلوانے کی ٹرانزیکشنز ممکن ہوئیں۔ تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ کرپٹو والیٹس کی نجی چابیاں لیک ہوئی ہیں۔

بائنانس نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تکنیکی تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر ڈپازٹس اور رقم نکلوانے کی سہولت عارضی طور پر معطل کردی گئی۔

 ابتدائی اندازوں کے مطابق تقریباً 3 ارب ڈالر مالیت کے اثاثے بلاک چین پر منجمد کیے جاچکے ہیں۔

کرپٹو کرنسی کمپنیوں ٹیتر اور سرکل نے بھی اس معاملے سے متعلق فنڈز منجمد کیے ہیں۔ سرکل کے چیف ایگزیکٹو جیریمی الیئر کے مطابق ان کی کمپنی نے 80 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثے منجمد کیے، جبکہ ٹیتر کے سربراہ پاؤلو آردوینو نے کہا کہ ان کی کمپنی نے 1.5 ارب ڈالر سے زیادہ رقم بلاک کی ہے۔

اس پیش رفت کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں 3.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور اس کی قدر 79 ہزار ڈالر سے نیچے آگئی۔

بائنانس کی بنیاد 2017 میں چانگ پینگ ژاؤ نے رکھی تھی۔ ژاؤ نے 2023 میں منی لانڈرنگ کی روک تھام میں ناکامی سے متعلق ایک جرم کا اعتراف کیا تھا، جس کے بعد انہیں چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔ 2025 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں صدارتی معافی دے دی تھی۔

ژاؤ نے حالیہ معاملے پر کہا ہے کہ صارفین کے فنڈز محفوظ ہیں اور انہیں توقع ہے کہ تمام متاثرہ رقوم کی مکمل تلافی کی جائے گی۔

 ان کے مطابق وہ بائنانس کے شیئر ہولڈر کی حیثیت سے اس بات کی توقع رکھتے ہیں کہ صارفین کو نقصان نہیں ہوگا۔