Middle East tensions: Zimbabwe and West Indies teams' return from India delayed-ICC
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرنے والی بعض ٹیموں کو بھارت سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے ایونٹ سے باہر ہونے والی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اور زمبابوے کی واپسی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔
زمبابوے کرکٹ نے تصدیق کی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم اس وقت بھارت میں محفوظ ہے بورڈ کے مطابق اسکواڈ نے دبئی کے راستے وطن واپس جانا تھا تاہم مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث ٹرانزٹ روٹس متاثر ہوئے ہیں، جس سے سفری منصوبہ تبدیل کرنا پڑا۔
زمبابوے کرکٹ کا کہنا ہے کہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے علم میں ہے اور متبادل سفری انتظامات پر کام جاری ہے بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے آئی سی سی سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی ایونٹ میں شرکت مکمل کرنے کے بعد تاحال بھارت میں موجود ہے ویسٹ انڈیز کرکٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم کی جلد اور محفوظ واپسی کے لیے معاملات جلد طے پا جائیں گے۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پروازوں کا آپریشن جزوی طور پر متاثر ہوا ہے، جس کے اثرات بین الاقوامی سفر پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔




